بلوچستان اس وقت کرب اور اضطراب کی کیفیت سے گزر رہا ہے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر وسینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت کرب اور اضطراب کی کیفیت سے گزر رہا ہے صوبے کی یہ حالت اربابِ اختیار کی مجرمانہ خاموشی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی وجہ سے دن بدن پیچیدہ ہوتی جارہی ہے عوام میں مایوسی اور اضطراب مسلسل بڑھ رہا ہے، اور ان مسائل کا حل صرف اور صرف جمعیت علمائے اسلام کے پاس موجود ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام وہ واحد جماعت ہے جو تمام اقوام اور قبائل کے لیے قابلِ قبول ہے۔ لیکن عوامی رائے کو مسخ کر کے مصنوعی اور خود ساختہ قیادت کو مسلط کی رہی ہے، جس کے نتیجے میں صورتحال مزید بدتر ہوتی جارہی ہے۔ اگر یہی رویہ جاری رہا تو بلوچستان کے حالات ناقابلِ برداشت حد تک خراب ہو سکتے ہیں۔مولانا عبدالواسع نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حلقہ پی بی-36 پر حکومت نے اپنی جانبدارانہ روش ترک نہ کی، تو جمعیت علمائے اسلام تمام مفاہمتی راستے بند کر کے میدان میں اترے گی۔ ہم ایک ایک حلقے کا مینڈیٹ واپس لے کر دم لیں گے اور عوام کے حقِ رائے دہی کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو تاریکی میں دھکیلنے کی بجائے انہیں اپنایا جائے۔ وفاق کو بلوچستان کی اس غیر یقینی صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہیے۔ مولانا عبدالواسع نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے