کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں برفباری اور بارش،بجلی اور گیس کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ، بجلی اور گیس کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، صوبے کی قومی شاہراہیں بحال جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ،مسلم باغ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین میں برفباری جبکہ کوئٹہ، مستونگ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، ہرنائی، ژوب اورموسیٰ خیل،بارکھان، خضدار، خاران، کیچ، پنجگور، تر بت، جیوانی اور گوادرمیں بار ش کا شروع ہونے والا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔اس دوران زیارت میں 3انچ جبکہ کوئٹہ میں 2انچ تک،قلعہ عبداللہ میں خوجک ٹاپ کے مقام پر بھی شدید برفباری ریکارڈ کی گئی۔ این ایچ اے حکام کے مطابق شدید برفباری کے باعث چمن اور قلعہ عبداللہ میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جنہیں کھولنے کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نوشکی کے مطابق نوشکی میں پاک افغان سرحدی علاقہ ڈاک اور تحصیل چاغی کا زمینی سیلابی ریلے کے باعث منقطع ہوگیا تاہم بعدازاں گڑانگ پل پر سیلابی ریلے کا بہاؤ کم ہونے پر راستہ بحال کردیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کودالبندین میں 24 ملی میٹر،پشین میں 17،جیوانی میں 13، کوئٹہ سٹی میں 13،،گودار میں 09،تربت میں 08، نوکنڈی میں 07،قلات میں 04، پنجگور میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارشوں اور برفباری کے باعث کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس نے شہریوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کردیا شدید سردی میں گیس پریشر کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم کیسکو اور سوئی گیس حکام سے شکایات کے لیے رابطہ کرنے پر شہریوں کو مایوسی کے علاوہ کچھ بھی میسر نہ آسکا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج پیر کو کوئٹہ، مستونگ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، ہرنائی، ژوب اورموسیٰ خیل میں تیز ہوائیں /جھکڑ چلنے کیساتھ درمیانی سے تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔اس دوران بارکھان، پنجگور، تر بت، جیوانی اور گوادرمیں تیز ہوائیں /جھکڑ چلنے کیساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔