عمران خان کو ٹھیک سزا ہوئی،بشریٰ بی بی کو سزا دینا عجیب لگ رہاہے،مفتاح اسماعیل
لاڑکانہ(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیر خزانہ اور سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جو سزا ہوئی ہے وہ ٹھیک ہے، بشریٰ بی بی کو سزا دینا عجیب بات لگ رہی ہے، ان کے پاس حکومتی عہدہ نہیں تھا۔
لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں نیب نیب کھیل کر سیاست کی ،مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔نواز شريف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا لیکن ن لیگ نے اقتدار کی سیاست کی،شہباز شریف جب وزیر اعلیٰ تھے تو پنجاب میں کرپشن کی باتیں نہیں تھیں ،مریم نواز کی حکومت میں کرپشن کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 2کروڑ 65 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں،سندھ کو وفاق سے جو اربوں روپے ملتے ہیں وہ کہاں جاتے ہیں؟عوام کو حکومت سے کوئی فائدہ نہیں۔جب میں وزیر خزانہ تھا تو انکم ٹیکس 15 فیصد کیا جو اب بڑھ 49.50 ہو چکا ،سندھ میں 3500 ارب اور پنجاب میں 5 ہزار ارب روپے خرچ ہوتے ہیں۔پاکستان میں بجلی اور گیس سری لنکا، انڈونیشیا ،ملائیشیا اورجنوبی افریقا سے بھی مہنگی ہے۔