بلوچستان کے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں 13 ارب سے زائد کی بے قاعدگیوں کا انکشاف
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں 13 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق یہ بے ضابطگیاں مالی سال 23-2021 کے دوران سامنے آئیں آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمے میں 12 ارب 11 کروڑ روپے کے غیر مجاز اخراجات کیے گئے۔ اس کے علاوہ حکومتی ٹیکسوں کی مد میں 52 کروڑ روپے کی کم وصولی کی نشاندہی کی گئی۔ مزید برآں، سرکاری خزانے سے 61 کروڑ 92 لاکھ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں، جب کہ محکمے نے 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی وصولیاں بھی نہیں کیں آڈٹ کے دوران بے قاعدگیوں کے حوالے سے محکمے کی جانب سے دیے گئے جوابات غیر تسلی بخش قرار دیے گئے۔ رپورٹ میں ذمہ دار افراد کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ذرائع کے مطابق یہ بے قاعدگیاں سرکاری ٹیکسوں کی کم وصولی، اضافی ادائیگیاں، اور وصولیوں میں غفلت کے نتیجے میں سامنے آئیں۔ محکمے کی ناقص مالی حکمت عملی اور شفافیت کے فقدان پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔