ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے نوٹس پر سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی آف ایجوکیشن کا ایکشن،بلوچستان یونیورسٹی کے متعدد غیر مستقل ملازمین کی میرٹ پر مستقل تعیناتی کر دی
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے نوٹس پر سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی آف ایجوکیشن نے ایکشن لیتے ہوئے بلوچستان یونیورسٹی کے متعدد غیر مستقل ملازمین کی میرٹ پر مستقل تعیناتی کر دی۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متاثرہ ملازمین کی درخواست پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے معاملہ سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی آف ایجوکیشن کے سپرد کیا تھا۔2 جنوری کو سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی صدارت میں سینیٹ ایجوکیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جہاں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر ظہور احمد بازئی سمیت کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔کمیٹی اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے خصوصی طور پر غیر مستقل ملازمین کا مسئلہ میرٹ پر حل کرنے پر زور دیا۔ سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی آف ایجوکیشن کی اکثریت ممبران نے ڈپٹی چیئرمین سیدال ناصر کے موقف کی تائید کی۔ 9 جنوری کو بلوچستان یونیورسٹی کے ایک اعلامیہ کے مطابق متاثرہ غیر مستقل ملازمین کی مستقل بنیاد پر تعیناتی کر دی گئی۔ متاثرہ ملازمین نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی کاوش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔