حکومت بلوچستان نے زہری واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلوچستان نے زہری واقعہ کے حوالے سے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق اس واقعہ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی حکومتی ترجمان نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور ریاستی رٹ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ زہری واقعہ پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے فوری ردعمل نہ دینے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ نے سول انتظامیہ کو متحرک کرنے اور کوتاہیوں کے تدارک کے احکامات جاری کئے ہیں،ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پورے صوبے میں اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ جلد از جلد اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں محکمہ داخلہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پورے صوبے میں ریاست کی رٹ قائم ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق حکومت تمام اضلاع میں سول انتظامیہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے