خضدار،تحصیل زہری میں مسلح افراد کا حملہ،سرکاری دفاتر کو نظر آتش کردیا
خضدار: خضدار کی تحصیل زہری میں مسلح افراد نے ایک منظم حملہ کر کے متعدد سرکاری اداروں کو نقصان پہنچایاعینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے موبائل نیٹ ورک کے ٹاور، میونسپل کارپوریشن کا ریکارڈ، اور نادرا آفس کو شدید نقصان پہنچایا۔مقامی ذرائع کے مطابق، حملہ آور بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر بازار میں داخل ہوئے اور پہلے علاقے کی ناکہ بندی کر لی۔ اس کے بعد، انہوں نے لیویز تھانے پر قبضہ کیا اور اسلحہ، گاڑیاں، اور سرکاری ریکارڈ کو بھی قبضے میں لے لیا۔ حملہ آوروں نے سرکاری دفاتر کو بھی نشانہ بنایا، جن میں نادرا آفس اور دیگر سرکاری ادارے شامل ہیں، جہاں سامان بھی لوٹا گیا اور دفاتر کو نظر آتش کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ موبائل نیٹ ورک بھی بند ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی نگرانی میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے تاکہ حملہ آوروں کو پکڑا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح حملہ آوروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے گی تاکہ اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں تلاشی کا عمل جاری ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس دوران، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں اور علاقے میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔