گورنر بلوچستان سے مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں وفد سے ملاقات،سرحدی تجارت سے متعلق عوامی مشکلات پرتبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش معاشی چیلنجز بشمول مہنگائی، بیروزگاری اور افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدی تجارت سے متعلق عوامی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا گورنر بلوچستان نے وفد کو یقین دلایا کہ عوامی شکایات کو دور کرنے اور شہریوں کے وقار و عظمت کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ حکام کو بہت جلد آگاہ کیا جائیگا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان نے عدل و انصاف پر مبنی ایک ایسا معاشرہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جہاں تمام شہری عزت اور احترام کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر بالخصوص سرحدی تجارت کو موثر بنانے، بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنانے سے نہ صرف احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا بلکہ تمام شہریوں کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے.