صوبے کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم شروع کی جائے،شکیل قادر خان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ شہاب علی شاہ، سیکرٹری ایکسائز ظفر علی بخاری، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، سیکرٹری صحت، اینٹی نارکوٹکس فورس، پولیس، ایف سی، کسٹم کے اعلی حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کا بنیادی مقصد منشیات سے متعلق مسائل کا حل تلاش کرنا اور معاشرے کو اس خطرناک لعنت سے بچانا ہے۔ منشیات کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی پھیلانا، نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سرحدوں پر سخت نگرانی کرے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس انسان دشمن عمل کو روکنا ہوگا۔ کمیٹی منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے پروگرام بھی چلائے گی تاکہ وہ دوبارہ ایک باعزت شہری کی طرح معاشرے میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کی اہمیت اس لیے بڑھ جاتی ہے کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کو تباہ کر سکتا ہے، منشیات کی وجہ سے جرائم، بیماریاں اور معاشی نقصانات بڑھتے ہیں، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سول سوسائٹی، قبائلی عمائدین، علما کا بھی فرض بنتا ہے کہ اس ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے، منشیات کے خلاف آواز اٹھائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کر کے اس عفریت کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ طلبا و طالبات کو اس لعنت سے تحفظ ہو۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں نے تفصیلی بریفنگ دی۔