بلاول بھٹو کا ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شمولیت کی پیشکش قبول کرنے سے انکار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شمولیت سے انکار کر دیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایوان صدر میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔
ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو وزیراعظم شہباز شریف کے پیغام سے آگاہ کیا، ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بظاہر کابینہ میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیر اعظم کے درمیان پنجاب میں حکومت سازی کے تحریری معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پر اپنی پارٹی کی طرف سے حکومتی فیصلوں میں اعتماد میں نہ لیے جانے اور مشاورت نہ کرنے پر رہنماؤں کا دباؤ ہے۔