ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا،ائیر چیف
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نیوی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔
ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں،پریڈ میں ڈسپلن اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے، پاس ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے مڈشپ مین بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، مضبوط معیشت،مضبوط دفاع کیلئے ضروری ہے، پاکستان کی معیشت اللہ کے فضل سے دن بدن مضبوط ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جدوجہد قابل تقلید ہے، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کومستحکم کررہی ہے، مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری و پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ ہے۔ائیر چیف مارشل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں،عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں مظالم بند کرے۔قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 122 ویں مڈشپ مین،30 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔