پنجگور میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے،میر رحمت صالح بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے رکن میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ پنجگور میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے ہماری پارٹی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے شیر علی وزیر کے گھرپر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی 12دسمبر کو عبدالغفور کو مسجد میں شہید کیاگیا آج تک انکے قاتلوں کا سراغ نہیں لگایا جا سکتا سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اسپیکر آئی جی پولیس کو انکوائری کر نے کی رولنگ دیں جس پر اسپیکر نے رکن سے استفسار کیا کہ آیا اس معاملے پر حکومت سے تفصیل طلب کی جائے جس پر انہوں نے پنجگور کے معاملے پر تفصیلات طلب کرلیں۔نقطہ اعتراض پر نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے باہر زمیندار احتجاج کر رہے ہیں ہمارے لوگ ہر قسم کا ٹیکس دیتے ہیں اب ان پر مزید ٹیکس نافذ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر صوبائی وزراء کو مظاہرین سے مذاکرات کے لئے بھیجیں اور انہیں آگاہ کریں کہ معاملہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں ہے۔جس پر اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے صوبائی وزراء و اراکین میر صادق عمرانی، میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، برکت علی رند، نواب اسلم رئیسانی، سید ظفر آغا پر مشتمل کمیٹی کو مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ زرعی آمدن پر ٹیکس کامعاملہ کمیٹی کے سپرد ہے جو اپنی نشست میں اس پر کوئی فیصلہ کریگی گزشتہ نشست میں کمیٹی اس پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکی تھی جس کی وجہ سے اسے دوبارہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے زرعی آمدن پر ٹیکس کے معاملے پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زرعی آمدن پر ٹیکس پر تمام ایوان کو خدشات ہیں ہم اس بل کے حق میں نہیں ہیں نہ بل پیش ہوگا اور نہ ہی پاس ہوگا۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کی رکن صفیہ بی بی نے ایوان میں معذور افراد کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معذور افراد کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت پر پابندیوں سے نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں تیل کی تجارت کو قانونی شکل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سوراب میں ہر تین کلو میٹر پر چیک پوسٹ ہے ڈپٹی کمشنر بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔