امن و امان کی فراہمی، لوگوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،فیصل کریم کنڈی
پشاور (ڈیلی گرین گوادر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرم کے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، امن برقرار رکھنا لوگوں کو سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
خیبرپختونخوا کے درالحکومت پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ہمارے پڑوس میں ایک ایسا ملک ہے جسے پر سپر پاورز آکر فتح کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن ناکامی کی صورت میں وہاں چھوڑے جانے والا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آج بھی کرم میں ملک دشمن عناصر اپنا کردار ادا کررہے ہیں، گزشتہ روز ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دعاگو ہوں، امن و امان کی فراہمی، لوگوں کا تحفظ اور بنیادی سہولیات دینا ریاست ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم کے لوگوں نے بہت خون دیکھا ہے اور بہت سی قربانیاں دی ہیں، راستوں کی بندش سے وہاں( کرم) کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو معاہدے کے بعد حل ہوں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت اس معاملے پر پہلے سنجیدہ ہوتی تو پورے ملک میں اہل تشیع کی طرف سے دھرنے نہ ہوتے، مسئلہ کرم کا تھا لیکن احتجاج کراچی میں بھی ہوا، مظاہرے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے خلاف اور اسمبلی کے باہر مظاہرے ہونے چاہیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرم میں قومی اسمبلی کے نمائندے صوبائی حکومت کے اتحادی ہیں، ان کو چاہیے تھا کہ وہ یہاں (خیبرپختونخوا) میں آکر دھرنے دیتے، احتجاج ان کا جمہوری حق تھا جو انہوں نے کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کل بلدیاتی نمائندوں پر ڈنڈے برسائے گئے، اسلام آباد میں ظلم کا پرچار کرنے والوں نے گزشتہ روز اپنے نمائندوں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا؟ جمہوری طریقے سے اپنا حق مانگنا جرم نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد بلدیاتی نمائندوں کے لیے گورنر ہاؤس میں کنونشن کریں گے، ان کے حق کے لیے نکلیں گے اور صوبائی حکومت کو ان کے وعدے یاد کروائیں گے۔