عوام کو تکلیف ہو تو دھرنے ختم کرانا ہماری ذمے داری ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو تکلیف ہو تو دھرنے ختم کرانا ہماری ذمے داری ہے۔ملیر ایکسپریس وے کے فضائی معائنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پرامن احتجاج سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم پُرامن احتجاج کی مخالفت نہیں کرتے، مگر مسئلے کو اچھے انداز کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں جو کچھ ہوا، وہ باعث افسوس ہے۔ ہم دھرنا دینے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم نے دھرنے والوں کو ایک مقام پر احتجاج کی پیش کش بھی کی۔ انتظامی اقدامات اور مذاکرات سے کراچی میں دھرنے ختم کردیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید تکلیف پہنچ رہی ہیے۔ یہ پہلے ایک مقام پر تھا، اس کے بعد اسے بڑھا کر 12 مختلف مقامات تک پھیلا دیا گیا ہے۔ اگر لوگوں کو تکلیف ہوگی تو پھر دھرنے ختم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی اور آئی ایم ایف کی ہدایات کے باوجود کام کررہے ہیں۔ تنقید بہت ہو رہی ہے، مگر کراچی میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گراؤنڈ پر کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 6۔1 ارب ڈالرکے منصوبے کے لیے ورلڈ بینک نے یقین دہانی کروائی ہے۔ واٹر بورڈ ہمارے پاس کافی عرصے سے نہیں تھا۔ لائنیں پرانی ہیں لیکن کراچی کی آبادی بھی بڑھی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دریائے سندھ پر نئی کینال نکالنے پر سخت موقف دیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے لیے حب سے 200 ایم جی ڈی پانی کے لیے لی جائے گی۔ 100 ایم جی ڈی کی نئی کینال کا منصوبہ اگست تک مکمل ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کے فور منصوبے کے لیے کینجھر سے لائننگ بنا رہے ہیں۔ کے بی فیڈر کی لائننگ کا کام سندھ حکومت کررہی ہے۔ کے بی فیڈر سے ٹھٹھہ اور جامشورو کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ ہمارا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ سندھ کے حصے کا پانی کسی کونہیں دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے