گرینڈ ہیلتھ الائنس کا اپنے مطالبات کے حق میں بلو چستان اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا، عدالت کی ہدایت پردھرناختم کر دیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گرینڈ ہیلتھ الائنس کا اپنے مطالبات کے حق میں بلو چستان اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا، عدالت کی ہدایت پر چیئر مین گرینڈ ہیلتھ الائنس نے دھرناختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پیر کوگرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب اپنے مطالبات کے حق میں سول ہسپتال سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہو تی ہوئی بلو چستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کی شکل اختیار کر گئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر انکے مطالبات درج تھے۔ بعد ازاں بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس کامران ملا خیل کی سربراہی میں ڈاکٹرز کو الاونسز کی عدم فراہمی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران سیکرٹری صحت،ڈی جی صحت،گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیدار عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سیکرٹری صحت نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا کہ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کررہے ہیں گرینڈ ہیلتھ الائنس والے غلط فہمی پھیلا رہے ہیں ڈاکٹرز کے الاؤنسز جاری کررہے ہیں نئے ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ پر بھرتی کررہے ہیں،عدالت نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال پربرہمی کا اظہار کیا،جسٹس کامران ملا خیل نے کہا کہ ڈاکٹرز کو سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کو انکے متعلقہ پوسٹنگ اسٹیشنزپر بھیجیں ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی کریں مالی معاملات سے انکا کوئی تعلق نہیں جو آپ کا قانونی حق بنتاہے وہ مانگیں اپنے دائرہ میں رہ کر کام کریں گرینڈ ہیلتھ الائنس کہاں رجسٹرڈ ہے ڈاکٹرز کا پالیسی میٹر سے کوئی کام نہیں۔بلوچستان ہائیکورٹ نے بلو چستان اسمبلی کے سامنے جاری احتجاج ختم کرنے کے لئے 1گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہاکہ اگر احتجاج ختم نہیں کیا گیا توایس ایس پی آپریشن انہیں گرفتار کریں۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہاکہ عدالت کی ہدایت پر احتجاج ختم کررہے ہیں عدالت نے ایک دن میں مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہسپتالوں سے نکل کر استعفیٰ دے دیں گے ہسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال کا ذمہ دار جسٹس، چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے