وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کو ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر صوبے میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ( ریٹائرڈ) عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی، اور حکومتی ترجمان شاہد رند موجود تھے۔ تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، اور ایمرجنسی کنٹرول سینٹر کے کوارڈینیٹر انعام اللہ خان مندوخیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ایمرجنسی کنٹرول سینٹر کے مطابق یہ رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم ہے، جو 30 دسمبر سے شروع ہو کر سات دن تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 26 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں انہوں نے بتایا کہ سال 2023 میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پولیو وائرس کی دوبارہ موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد 27 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سب سے زیادہ کیسز کوئٹہ، چمن، ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، جھل مگسی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، پشین، خاران، جعفرآباد، اور چاغی سے سامنے آئے ہیں انسداد پولیو مہم کے دوران والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں وائرس اور معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ساتھ ہی حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ بچے پولیو کے ساتھ خسرہ، نمونیہ اور دیگر مہلک بیماریوں سے بھی بچ سکیں صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مہم کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے