صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کر رہی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سوموار کے روز مختلف سب ڈویژنز میں اے سی کی رہائش گاہ کی تعمیر، اسکولوں میں اساتذہ، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی عارضی بنیادوں پر تعیناتی، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کے حوالے سے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب علی شاہ، سیکرٹری ، سیکرٹری اسکولز صالح محمد ناصر، ڈی جی لیویز نصیب اللہ کاکڑ جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کر رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور عوام کی معیار زندگی بہتر کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جا رہی ہے۔ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی کنٹریکٹ پر بھرتیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منتخب امیدواروں کے تعیناتی کے احکامات جلد جاری کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے سیکرٹری صحت کو ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی نہ کرسکے کیونکہ اس سے براہ راست شہری متاثر ہوتے ہیں جس کو سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی دکاندار سرکاری نرخ نامہ کے خلاف ورزی نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، دھرنوں کے حوالے سے افسران کو ہدایات دے دی کہ کسی بھی صورت شاہراہوں کو بند نہ ہونے دیں کیونکہ اس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں کو فوری طور پر کلیئر کردئیے جائیں، سرکار کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے اور مداخلت کی صورت میں قانون کے مطابق ایکشن لیا جاغ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں کھلی کچہریوں کا انعقاد ممکن بنائیں اور عوام شکایات توجہ سے سن کر ان کو فوری طور پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیز عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے اور تمام شکایات پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔