سیکرٹری اطلاعات عمران خان کا ڈائریکٹریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان کا دورہ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے ڈائریکٹریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبے بھر کے بوائز اور گرلز سرکاری اسکولوں کے مابین شارٹ فلم ڈاکومنٹری مقابلوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سید تنویر اختر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سیعد احمد شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد نصیب اللہ سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر کے طلبا و طالبات کی جانب سے بھیجی گئی مختصر دورانیہ کی دستاویزی فلموں کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ محکمہ اطلاعات ان مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے اور طلبہ کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ان مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے جائیں گے جبکہ تمام حصہ لینے والوں کو سرٹیفکیٹ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مفاد کے اقدامات کی بھرپور تشہیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ فلم ڈاکومنٹری مقابلے نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں گے بلکہ سیاحت اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے جہاں نوجوان نسل اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے کا مثبت تاثر اجاگر کر سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے