حکومت بلوچستان نے شاہراہوں کی بندش کے پیش نظر صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی،شاہد رند
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ عوام کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے قومی شاہراہوں کو آمد ورفت کو بحال رکھنے کیلئے بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے کیونکہ گزشتہ روز سے بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں کو احتجاجاً بند کیا گیا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو بلوچستان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ شاہد رند نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہولت کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھارہی ہے جس کا واضح ثبوت وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پہلے دن ہی کہا تھا کہ پرامن حتجاج ہر شہری بنیادی اور جمہوری حق ہے۔اور صوبائی حکومت نے ہمیشہ شہریوں کو ان کے جائز احتجاج کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیکن احتجاج کرنے۹ والوں کو اپنے مسائل کے حل اور اپنی آواز حکام بالا تک پہنچانے کے لئے دوسرے لوگوں اور عوام کی مشکلات کا بھی احساس اور خیال ہونا چاہئے کہ ان کے احتجاج سے کتنے لوگوں کو تکلیف برداشت کرنا پڑتی ہے اس لئے وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے دوسروں کیلئے تکلیف کا باعث نہ بنیں اور حکومت احتجاجاً قومی شاہراہیں بند کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قومی شاہراہیں بند کرنے کا نوٹس لے لیا ہے اس لئے اب حکومت اور انتظامیہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج سے متعلق بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت بلوچستان میں تین مقامات پر احتجاج جاری ہے۔گزشتہ ادوار میں گمشدہ لوگوں کو احتجاج کے باعث بازیاب کروایا گیا ہے اس وقت بھی لوگ احتجاج کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کونجکاری کی طرف نہیں لے جارہی۔