حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے ضمنی الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے،سینیٹر کامران مرتضی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء وسینیٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کی منظوری میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ایکٹ میں تمام فریقین کے لئے راستے نکالے گئے ہیں،5جنوری کو بلو چستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے ضمنی الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے کسی کوبھی عوامی مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو میر عثمان پرکانی اورجمعیت لائرز فورم کے رہنماء ملک خلیل اللہ الرحمن سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ امید ہے کہ 5 جنوری کوبلو چستان اسمبلی کے حلقہ پی بی45 کوئٹہ پرری پولنگ ہو جائیگی ری پول حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے، حلقہ پی بی45 سے میر عثمان پرکانی پہلے بھی جیتے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت قلات اور کوئٹہ میں ری پول کروانے میں ناکام رہی ہے وکلاء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ضمنی الیکشن کو دھاندلی سے بچنے کے لئے کردار ادا کریں وکلاء تمام 15پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کریں گے۔ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ کل مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری ہوجانی تھی لیکن صدر مملکت آصف علی زرداری کل گڑھی خدا بخش میں تھے مدارس رجسٹریشن بل کی فائنل منظوری صدر آصف علی زرداری نے دینی ہے حکومت کے پاس کوئی بہانہ نہیں کہ مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری میں تاخیر کریں۔اس موقع پر میر عثمان پرکانی نے کہا کہ حلقہ پی بی 45کی سیٹ ہر صورت جیتیں گے کسی کو بھی دھاندلی کا موقع نہیں دیں گے عوام کے مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دیں گے پورے ضمنی الیکشن کے عمل پر نظر رکھیں گے۔جمعیت لائرز فورم کے رہنماء ملک خلیل اللہ الرحمن نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے ملک آئنی بحران کا شکار ہے آئینی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے مولانا فضل الرحمان نے جمعیت لائرز فورم کے آئین میں ترمیم کی ہے سینیٹر کامران مرتضیٰ کو مرکزی سطح پر جمعیت لائرز فورم کا کنوینر مقرر کیا ہے صوبائی ضلعی اور تحصیل کی سطح پر رکنیت سازی کی جائیگی۔