کوئٹہ، گیس پائپ لائن کی 30 گھنٹے کے بعد مرمت مکمل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے مغربی پائی پاس پر دھماکے سے تباہ ہونے والی اٹھارہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کی 30 گھنٹے کے بعد مرمت مکمل ہوگئی جس کے بعد کوئٹہ، زیارت، پشین، کچلاک کو سوئی گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے اختر آباد میں نامعلوم افراد نے بدھ کی سہ پہر کوئٹہ سے پشین و زیارت جانے والی18 انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد تباہ کردیا تھا۔

واقعے کے بعد کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خیزی، اے ون سٹی، ہزار گنجی سمیت کچلاک پشین زیارت، بوستان، یارو، کربلا، حرمزئی میں گیس کی سپلائی معطل ہو گئی تھی۔سوئی سدرن گیس کمپنی کی تکنیکی ٹیم نے جمعرات کی صبح سیکیورٹی کلئیرننس کے بعد مرمت کے کام کا آغاز کیا گیا جو رات دس بجے مکمل ہوا۔

تیس گھنٹے کی بندش کے بعد متاثرہ علاقوں کو گیس کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چھ ڈگری ہونے کی وجہ سے سخت سردی میں شہریوں کو سوئی گیس بندش سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے