کرم میں امن و امان کی صورتحال کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگے میں آج حتمی فیصلے پر دستخط متوقع
کرم (ڈیلی گرین گوادر)خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگے میں آج حتمی فیصلے پر دستخط متوقع ہیں۔ گرینڈ امن جرگے کے ذرائع کے مطابق سب کچھ طے ہو چکا ہے، دستخط کا عمل بھی آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ کرم میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور دیگر راستے ڈھائی ماہ سے بند ہین، اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے جبکہ پاک افغان سرحد بھی ڈھائی ماہ سے بند ہے۔
ضلع کرم میں اشیائے ضروریہ کا فقدان ہو گیا ہے جبکہ ہوٹل اور دیگر کاروباری مراکز 3 ہفتوں سے بند ہیں۔راستوں کی بندش کے خلاف کرم پریس کلب پر احتجاجی دھرنے کا آٹھواں روز ہے جبکہ ضلع کرم کے 5 مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔دھرنا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور خوراک و علاج کا بندوبست نہیں کیا جا رہا، صوبائی حکومت صرف تردیدی بیانات تک محدود ہے۔