مالی ڈسپلن کی پاسداری پر ہم اپنی تمام یونیورسٹی کو اولین ترجیح دینگے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو بااختیار بنانے کیلئے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اساتذہ کرام ہی ہمارے پورے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور تنخواہوں کے بغیر اسی ریڑھ کی ہڈی کی مضبوطی بھی زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی. کچھ عرصے سے ہماری پبلک سیکٹر کی بعض یونیورسٹیوں کو مالی مشکلات درپیش ہیں اور تنخواہوں میں تاخیر کی وجہ سے ہمارے پروفیسرز حضرات اور ملازمین کا وقار بھی متاثر ہوا لیکن ہماری پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو درپیش مالی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بہت جلد ہمارے اساتذہ کی تنخواہیں کی بروقت ادائیگی کے مسئلہ کا پائیدار حل پیش کرینگے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ اور رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اس دفعہ یونیورسٹیوں کی مالی معاونت انکے تمام غیرضروری اخراجات کو کم کرنے، فنڈز کے ضیاع سے اجتناب کرنے اور سخت مالی ڈسپلن کی پاسداری سے مشروط ہے. گورنر مندوخیل نے تمام وائس چانسلرز صاحبان کو خصوصی ہدایت کی وہ یونیورسٹی کی سطح پر بھی مانیٹرنگ میکنزم کو مستحکم بنائیں. انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل فلاسفی کے تناظر میں یہ بات طے ہے کہ ہر انسان کی عزت و وقار اس کی بنیادی ضروریات کی تکمیل سے شروع ہوتی ہے۔ ایک استاد جو اپنے خاندان کی ضروریات کے بارے میں فکر مند ہے وہ اپنے طالب علموں کو اپنا بہترین نہیں دے سکتا۔ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا کر ہم نہ صرف اپنے اساتذہ کی مالی بہتری میں معاونت کر رہے ہیں بلکہ ان کے وقار کو بھی بحال کر رہے ہیں۔ ہمارے بھرپور توجہ اور شعوری کاوشوں سے تعلیمی ماحول کو پروان چڑھانے، مالی مشکلات کا دیرپا حل پیش کرنے اور یونیورسٹی کی سطح اپنی آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے کیلئے نئی راستے متعین ہو چکی ہیں. انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن اور جدید ریسرچ کے معیار کو بڑھانے کیلئے درس تدریس کے طریقہ کار، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی کا استعمال اور استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمارا روشن مستقبل ہائیر ایجوکیشن کے اداروں سے وابستہ ہے اور ہم ان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پرعزم ہیں.. اس موقع پر صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے گورنر بلوچستان کو یقین دلایا کہ مالی ڈسپلن کی پاسداری پر ہم اپنی تمام یونیورسٹی کو اولین ترجیح دینگے۔