شدید سردی میں گیس کی بندش سے عوام مشکلات میں مبتلا ہیں،غلام نبی مری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی کوئٹہ صدر غلام نبی مری اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور معطلی کے سلسلے میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر فاروق احمد خان، ڈپٹی جنرل منیجر محمد انور ناصر اور زونل منیجرز خان محمد بلوچ اور عبدالصمد مندوخیل سے ملاقات کی۔ انہوں نے کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور معطلی کے مسئلہ پر تفصیلی گفت و شنید کی اور حکام بالا اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا گیا کہ اس شدید سردی میں گیس کی بندش سے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں شہر میں درجہ حرارت منفی سے بھی کم ہو جاتی ہے اور اس سرد موسم میں کوئٹہ کے اکثر علاقے خاص طور پر سریاب اور اس کے گرد و نواح، کچلاک، مغربی اور مشرقی بائی پاس ہزارہ ٹاؤن، مری آباد، علمدار روڈ، ٹن ٹاؤن، سرکی کلاں، ہزار گنجی، کلی بڑو، وحدت کالونی اور شہر کے وسطی علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں، منفی درجہ حرارت میں عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہیں جس سے بوڑھے اور بچے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشر کو فوری طور پر بحال کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اس موقع پر گیس کمپنی کے اعلی آفیسران نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو کم کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور مختلف علاقوں میں ہمارے ٹی بی ایس اور پی ایس آر پر کام جاری ہے جو آخری مراحل میں ہے اور انشااللہ ان کے مکمل ہونے کے ساتھ پریشر کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوگا اور جلد ہی کوئٹہ کے شہریوں کو ان تکالیف سے نجات مل جائے گی۔ بی این پی کوئٹہ شہر کے تمام اقوام اور مسلک کا سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے جو بلا تفریق رنگ و نسل اور زبان کے سب کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور خلوص نیت سے تمام عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ سیاسی پارٹیوں کا بنیادی ذمہ داری بھی یہی ہے کہ وہ عوام اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے تاکہ عوام کے تمام تر حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ کوئٹہ کی تاریخ اور عوام گواہ ہے کہ بی این پی سیاسی اور جمہوری جدوجہد میں پیش پیش رہی ہے اور ہمیشہ حقیقی عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور ان کے حل کے لئے کسی قسم کی قربانیوں سے دریغ نہیں کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے