سابق بیوروکریٹ اور سفارتکار رستم شاہ مہمند انتقال کرگئے
پشاور (ڈیلی گرین گوادر)سابق بیوروکریٹ اور سفارتکار رستم شاہ مہمند انتقال کرگئے ہیں، ان کی نمازجنازہ بعد نماز عصر 4 بجے نیو شامی روڈ پشاور میں اداکی جائےگی۔ضلع مہمند کی ذیلی شاخ ڈھکی چارسدہ اور موسیٰ خیل (قاسم کور) سے تعلق رکھنے والے رستم شاہ مہمند کا کئی دہائیوں پر محیط ایک شاندار کیریئر تھا، انہوں نے خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
افغانستان میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ان کے دور نے خطے میں ایک مشکل دور میں اپنی سفارتی مہارت کا مظاہرہ کیا، رستم شاہ نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ کامیابیوں بلکہ اپنی دیانت اور عاجزی کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔خیبرپختونخوا کی حکمرانی میں ان کی خدمات اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو ان کی میراث کے اہم حصے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔