رواں برس دہشت گردوں کیخلاف 59 ہزار 775 آپریشن کیے اور 925 خارجیوں کو ہلاک کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر

اولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے قربانیاں دی ہیں۔ رواں برس دہشت گردوں کیخلاف 59 ہزار 775 مختلف آپریشن کیےگئے اور 925 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ کامیاب آپریشنز میں متعدد دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ 5 برس میں ہلاک دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ رواں سال سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر متعدد کارروائیاں کیں۔ دہشتگردوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں ہوتی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ رواں برس سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے کئی منصوبوں کو ناکام بھی بنایا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والوں میں فتنہ الخوارج کا سرغنہ میاں سید عرف قریشی استاد، محسن قادر، عطااللہ عرف مہران بھی شامل ہیں۔ بلوچستان سے گرفتار خودکش بمباروں نے اہم انکشافات کیے، دہشتگرد ریاست کے خلاف مسلح بغاوت کے لیے ذہن سازی کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 27 افغان دہشتگرد بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے ہیں۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی قیمتی جانیں ملک کے امن کے لیے قربان کیں۔ خودکش بمباروں کے قبضے سے 10 خودکش جیکٹس، 250 کلوگرام دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا کردار سب سے اہم رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے