چاہتے ہیں افغان سرزمین دہشتگردوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہو،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہماری ترجیح ہے۔ اور چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین دہشتگردوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہو۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اور بین الاقوامی سطح پر 2024 پاکستان کے لیے اہم رہا۔ رواں سال کے دوران مختلف ملکوں کے ساتھ اعلیٰ سطح پر وفود کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام، وقار اور مفادات پر مبنی تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ جبکہ دوست ملکوں اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو نئی جہت دے رہے ہیں۔ معاشی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ اہم علاقائی و عالمی امور پر تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔ اور یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کا خاتمہ اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او اور ایس سی او پاکستان کے لیے علاقائی تعاون کی اہم تنظیمیں ہیں۔افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہمیت حاصل ہے۔ اور افغانستان میں امن و استحکام ہماری ترجیح ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین دہشتگردوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہو۔