بلدیاتی اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کرکے عوامی وسائل کا درست استعمال یقینی بنائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کا جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار کوہیار خان ڈومکی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بابر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ و دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں حکام کی جانب سے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی مجموعی کارکردگی، درپیش مسائل اور مجوزہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زیر کارروائی لوکل گورنمنٹ ریگولیشنز ایک ماہ میں فائنل کرنے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ جاتی تجویز پر بلدیاتی قوانین پر عمل درآمد کی غرض سے مختلف علاقوں میں مجسٹریٹ تعینات کرنے کے لئے ضروری کارروائی مکمل کرنے کا حکم بھی دیا وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونین کونسلز کے لئے مطلوب دفاتر کے لئے سروئے کیا جائے اور دستیاب مالی وسائل میں کچی عمارات کی تعمیر کا جائزہ لیا جائے اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح کی چھوٹی ترقیاتی اسکیموں کے لئے یونین کونسلز کے مالی اختیارات بھی بڑھائے جائیں تاکہ عوامی ضروریات کے مطابق یونین کونسلز اپنے ٹینڈرنگ پراسس کو مکمل کرسکیں وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو فعال بنایا جائے تو عوام کے بیشتر مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوجائیں گے صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو کارکردگی سے مشروط فنڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے،دیکھنا ہوگا کہ تین ماہ پہلے دی گئی ہدایات پر کہاں تک عمل درآمد ہوا یہ طے ہے کہ بلدیاتی اداروں کو چیک اینڈ بیلنس، انسداد بدعنوانی اور پاکستانیت کے بنیادی رہنماء ہدایات سے مشروط گرانٹ دی جائے گی اور ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا عوامی ٹیکسز کا پیسہ ضائع ہونے نہیں دیں گے وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مالی وسائل کی بہتری کیلئے فنانشل مینجمنٹ اینٹی گریٹڈ انفارمیشن سسٹم کو جلد فعال کیا جائے جبکہ انسٹی ٹیوشنل اسٹینتھنگ پلان کو جلد حتمی شکل دی جائے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کرکے عوامی وسائل کا درست استعمال یقینی بنائیں گے اس لئے ضروری ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن ونگ قائم کرکے چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام قائم کیا جائے، وزیر اعلٰی نے محکمہ بلدیات کے حکام کو ہدایت کی کہ نئی آسامیوں کی تخلیق سے گریز کرتے ہوئے دستیاب افرادی قوت بروئے کار لائی جائے اور غیر ضروری وسائل بتدریج ختم کئے جائیں اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق صوبائی وزیر بلدیات مرحوم سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے فرزند سردار کوہیار خان ڈومکی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے ہماری رہنمائی ہر قدم ان کے ساتھ رہے گی۔