علی وزیر کو جھوٹے مقدمات اور تھری ایم پی او کے تحت حبس بے جا میں رکھنا قابل مذمت ہے،خوشحال خان کاکڑ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے سابق رکن قومی اسمبلی پشتون قومی سیاسی تحریک کے مرکزی رہنماء علی وزیر کو طویل عرصے سے جھوٹے مقدمات اور تھری ایم پی او کے تحت حبسِ بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اِسے استعماری ریاست اْنکے نام نہاد حکومتوں اور اداروں کی واضح پشتون دشمنی سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے نام نہاد حکمران دن رات نام نہاد جمہوریت اور انسانی حقوق کے دعوے کرتے نہیں تھکتے، جبکہ دوسری طرف ممتاز پشتون وطن دوست، عوام دوست رہنماء علی وزیر کو مسلسل جھوٹے دروغ گوئی پر مبنی غیر قانونی مقدمات کے ذریعے حبسِ بے جا میں رکھ کر ملکی قوانین اور جمہوری انسانی حقوق کو مسلسل پامال کر رہے ہیں۔ اور اِن جھوٹے مقدمات میں ضمانتوں کے منظوری کے باوجود علی وزیر کو ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک صوبے سے دوسرے صوبے لے جاکر اِنہیں پھر جھوٹے مقدمات اور نام نہاد تھری ایم او کے ذریعے بلاجواز اور غیر قانونی طور پر حبسِ بے جا میں رکھا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علی وزیر اور اْس کے خاندان کی پشتون قومی تحریک کی سیاسی جمہوری جہدوجہد میں پرافتخار کردار اور تاریخ ساز قربانیاں ہیں جو پشتون افغان ملت کے لیے باعث فخر اور مشعل راہ ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ملک کے نام نہاد حکمرانوں اور مقتدر قوتوں پر واضح کرتے ہوئے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ ممتاز رہنماء علی وزیر کو فوری طور پر غیر مشروط رہا کیا جائے اور اْنکے خلاف تمام مقدمات واپس لیے جائیں۔ اور اس کے برعکس ممتاز رہنماء علی وزیر کو مزید جھوٹے مقدمات اور تھری ایم او کے تحت حبسِ بے جا میں رکھا گیا تو پارٹی اْنکی رہائی کے لیے تمام ملک میں پر زور احتجاج کرے گی اور ملک سمیت بین الاقوامی بنیادی انسانی حقوق کے تنظیموں کے سامنے علی وزیر کی غیر قانونی گرفتاری کے مسئلے کو اْٹھایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے