بلوچستان کے عوام کو موجودہ اسمبلیوں اور حکومت پر کوئی اعتماد نہیں،ساجد ترین ایڈووکیٹ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینئر قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہیں کہ جس صوبے میں ایک ڈی سی وزیر اعلی سے زیادہ طاقتور ہو وہاں حالات بہتر نہیں ہو سکتے، بلوچستان میں امن وامان کے نام پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن حالت یہ ہے کہ عوام عدم تحفظ کاشکارہیں، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے بجائے عام شہری کو پریشان کیا جاتا ہے۔ پولیس اور لیویز بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر طریقے سے کنٹرول کر رہے تھے لیکن جب سے ایف سی بلوچستان میں لائی گئی، حالات مزید بگڑ گئے۔ حکومت وقت عوام کی مسائل اور مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے امن وامان کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں سالانہ اربوں روپے امن وامان کے نام پر خرچ کئے جارہے ہیں لیکن عوام کاعدم تحفظ کے شکار ہونے کااحساس لمحہ فکریہ ہے، بلوچستان کے عوام کو موجودہ اسمبلیوں یا حکومت پر کوئی اعتماد نہیں، بلوچستان کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے ووٹ کی عزت نہیں ہوتی اور وہ جانتے ہیں کہ وہ ان جعلی اسمبلیوں سے کوئی مثبت تبدیلی نہیں دیکھ سکتے۔