قلعہ عبداللہ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ملکی سطح پر رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 65جبکہ بلوچستان میں 27ہوگئی۔ انسداد پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکام کے مطابق منگل کو بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے 18ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تشخص ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق بچے کے والد نے بتایا ہے کہ متاثرہ بچہ دو ماہ قبل افغانستان کے صوبہ ہلمند سے دو ماہ قبل قلعہ عبداللہ آیا ہے جبکہ افغانستان میں اسے انسداد پولیو وائرس کی 7 سے زائدخوارکیں فراہم کی گئیں تاہم اکتوبر میں بچہ پولیو ویکیسن سے محروم رہا جبکہ اسے یکم نومبر 2024کو ڈی ایچ کیو عبدالرحمنزئی میں انسداد پولیو ویکسین فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق رواں سال بلوچستان سے پولیو کے 27کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 7کا تعلق پاک افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ سے ہے۔اس کے علاوہ کوئٹہ اور ژوب سے 3،3،چمن،قلعہ سیف اللہ، پشین، جعفر آباد سے 2،2جبکہ لورالائی،نوشکی،خاران، جھل مگسی، چاغی اور ڈیرہ بگٹی سے پولیو کا ایک،ایک رپورٹ ہوا ہے۔ انسداد پولیو سینٹر حکام کے مطابق بلوچستان میں 7روزہ انسداد پولیو مہم 30دسمبر سے شروع ہونا متوقع ہے۔