عمران خان چاہتے ہیں کہ مذاکرات کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے،بیرسٹر گوہر
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے لیے ٹائم فریم مقرر ہونا چاہیے، سول نافرمانی کی تحریک پر کوئی بات نہیں کی، صرف مذاکرات پر بات ہوئی ہے۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو مذاکرات کے آغاز کے بارے میں آگاہ کیا ہے لیکن انہوں نے کہا ٹائم فریم ہونا چاہیئے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے جائز مطالبات ہیں اس پر کوئی پیش رفت ہونی چاہیئے، عمران خان نے نے امید ظاہر کی کہ ٹائم فریم کے اندر مذاکرات میں پیش رفت ہونی چاہیئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے کسی بین الاقوامی معاملے اور سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں کی، ان کے ساتھ صرف مذاکرات پر بات کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے 4 لوگ کل مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بن سکے،جس کا اسپیکر قومی اسمبلی کو پہلے ہی بتا دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے اگلے دور کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کے آگے رکھیں گے اور اس پر آگے بڑھیں گے، مزید کہا کہ کوشش ہے کہ مذاکرات کے باقاعدہ آغاز سے قبل مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی ہے مجھ سمیت بہت سارے لوگ اس میں شامل نہیں ہیں، ہم مذاکرات کے عمل پر پرامید ہیں، کوشش کریں گے کہ سارے مسائل کا حل ضرور نکل آئے ، عمران خان پر جتنے مقدمات بنے وہ سارے سیاسی ہیں، ان سب میں ضمانت ہو چکی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک ہی ریفرنس بچا تھا جس کا فیصلہ آئندہ ماہ ہونا ہے، ہمیں امید ہےکہ اگر فیئر ٹرائل ہوا تو بانی پی ٹی ائی اس میں بھی بری ہوں گے اور انہیں ضمانت مل جائے گی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ایپکس کمیٹی میں شرکت کے باعث مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بن سکے۔