بلوچستان اسمبلی اجلاس میں بلوچستان انسٹی ٹیوشن کا ترمیمی مسودہ قانون 2024 منظور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان انسٹی ٹیوشن کا ترمیمی مسودہ قانون 2024منظور جبکہ دو قوانین کو متعلقہ کمیٹیوں کے سپردکردیا گیا۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں قائمہ کمیتی برائے محکمہ محنت و افرادی قوت کی مجلس کی رپورٹ چیئرمین دستگیرد بادینی نے ایوان میں پیش کی۔ جس کے بعد پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین مگسی نے بلوچستان انسٹیٹیوشن کا ترمیمی مسودہ قانون 2024 ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔ اجلاس میں بلوچستان تنازعات کے متبادل حل کے ترمیمی مسودہ قانون 2024 کی تحریک نواب زداہ زرین مگسی اور بلوچستان ٹیکس آن لینڈایگریکلچرل انکم کا ترمیمی مسودہ قانون 2024کی تحریک صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے پیش کی جس پر اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر اراکین نے قوانین کو متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے دونوں قوانین کومتعلقہ کمیٹیوں کے سپردکرنے کی رولنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پیر کے اجلاس میں اس بابت رپورٹ پیش کی جائے جبکہ بلوچستان ٹیکس آن لینڈایگریکلچرل انکم کے حوالے سے نشست میں دیگر اراکین اسمبلی بھی شرکت کر سکیں گے۔ بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 27 دسمبر سہ پہر3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔