عہدے ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے،الیکشن کمیشن کا فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے،میر علی حسن زہری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کی اسمبلی حلقہ پی بی 21 سے کامیاب رکن صوبائی اسمبلی، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ عہدے ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے ہیں پہلے بھی اپنے عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کی ہے اورانشاء اللہ اب بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے،حلقہ انتخاب کو ایک سازش کے تحت 10ماہ تک نمائندگی سے دور رکھا گیا لیکن آخر کار مخالفین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر ائیر پورٹ پر استقبال کیلئے آنے والے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس سے قبل ائیر پورٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں سید اقبال شاہ،کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیرمحمد ترین،عبدالجبار خلجی، سابق سینیٹر حسین بخش بنگلزئی،سابق صوبائی وزیرجعفر جارج کی قیادت میں ہزاروں کارکنوں نے انکا استقبال کاشاندار استقبال کیا اورانہیں ائیر پورٹ سے ایک جلوس کی شکل میں انکی رہائش گاہ پر لایا گیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جیت ہوئی ہے حق وسچ کی جنگ میں ساتھ دینے پر صدرمملکت آصف علی زرداری،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو رداری اور کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرا بھر پور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب سے 40 تک کامیاب ہونے والوں نے علاقے کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جس پر حلقے کے عوام نے 8فروری کو عام انتخابات میں ہمیں ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا لیکن مخالفین نے اسے مختلف فورم پر چیلنج کیا اور آخر کار فتح حق اورسچ کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے اورعہدے میرے کوئی اہمیت نہیں رکھتے حلقے کے عوام نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں اور علاقے کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے عوام کے لئے کھلے ہیں عوام کسی بھی مسئلے پرمجھ سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے عزت بخشی اورانہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہر فورم پر عوام کے مسائل کیلئے آوازبلند کروں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے