بانی پی ٹی آئی تک رسائی دینا میرا کام نہیں،سردار ایاز صادق

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی دینا میرا کام نہیں، مذاکرات کی کامیابی حکومتی اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں پر منحصر ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت و اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، اسپیکر آفس کے دروازے ہمیشہ آپ اراکین کے لیے کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کو کھلے دل سے آگے بڑھنا ہوگا، اسپیکر سیکریٹریٹ کمیٹی کی ہر طرح کی معاونت کرے گا، حکومت اور اپوزیشن کا جو کام ہے انہیں کرنے دیں۔ میری کوشش ہوگی کہ نیوٹرل رہ کر سہولت فراہم کروں، باقی جو ان کی مرضی ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خاطر ڈائیلاگ ہو رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں اور ملک میں سیاسی استحکام آئے۔ حکومتی اور اپوزیشن لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، دونوں نے مثبت طریقے سے گفتگو کی، ماحول اچھا تھا اُمید نظر آتی ہے سب مل کر کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلی میٹنگ میں چارٹر آف ڈیمانڈ رکھا جائے گا، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں بہتری کے لیے سیاسی پولورائزیشن کو بھی کم کریں، بہت مثبت گفتگو ہوئی، ماحول بہت اچھا تھا۔ایاز صادق کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُمید ہے سب مل کر پاکستان کی بہتری کے لیے کوشش کریں گے تو کامیابی ملے گی، سیاسی بہتری بھی آئے گی اور جمہوریت بھی مضبوط ہو گی، اگلی میٹنگ 2 جنوری کو ہو گی، اس معاملے پر جتنی کم سے کم قیاس آرائی ہو ماحول اچھا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے