دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پوری قوم پرعزم ہے،میر علی حسن زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و رکن صوبائی اسمبلی و مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں 16 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنجم و غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پوری قوم پرعزم ہے۔ میر علی حسن زہری نے حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کوجذبہ شہادت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ان کو جلد جہنم واصل کر دیا جائے گا اورپاکستانی قوم، پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں کو ناکام بنانے کے لئے پختہ عزم رکھتی ہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد عناصر جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا ہے آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اوردہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے حملے میں شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اورانشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے ان کے وجود سے دھرتی کو پاک کر دیا جائے گا۔ پوری قوم ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے تک اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور اس مقصد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصرکی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائیگا۔