نیشنل پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے لڑتی آئی ہے،رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رحمت صالح بلوچ نے پنجگور میں بڑھتی ہوئی بدامنی، جرائم، چوری، ڈکیتی، قتل و غارت اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے پنجگور کے عوام ہر دن خوف، دہشت اور عدم تحفظ کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، جب کہ جرائم پیشہ عناصر بے خوف و خطر اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اس سنگین صورتحال پر کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھانے کا یہ کھلا ثبوت ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی حفاظت اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال حکومت اور انتظامیہ کی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کو پس پشت ڈال کر، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غفلت نہ صرف پنجگور کے عوام کے لیے انتہائی خطرناک ہے بلکہ یہ پورے بلوچستان کے امن و سکون کو بھی متاثر کر رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اور بلا تفریق کارروائیاں شروع کی جائیں، تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور مجرموں کا قلع قمع کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی میں فوری اصلاحات ضروری ہیں، تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور انہیں یہ یقین ہو کہ ریاست ان کی حفاظت کے لیے موجود ہے۔رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے لڑتی آئی ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کی ناانصافی یا ظلم کو برداشت نہیں کرے گی۔ اگر موجودہ حالات میں بہتری نہ لائی گئی تو نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی، جس کا دائرہ کار نہ صرف پنجگور کی گلیوں اور کوچوں تک محدود ہوگا بلکہ یہ احتجاج ایوانوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور حکومت پر دبا ڈالیں تاکہ اس کی غفلت اور نااہلی کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نہ تو ماضی میں خاموش تھی اور نہ ہی آئندہ خاموش رہے گی۔ ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔5910

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے