علی امین گنڈا پور کی محسن نقوی سے ملاقات،امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پشاور(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں وزیراعلیٰ آفس آمد پر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے مکمل تعاون کرینگے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدارامن کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیرداخلہ محسن نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے سرمایہ افتخارہیں لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ضلع کرم میں راستوں کی بندش سے اشیاء خوردونوش اور روزمرہ استعمال کی اشیا اور گیس ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹ تندور سمیت تمام دکانیں بند ہو گئی ہیں ۔ کرم کے علماء نے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی غلط بیانی کی شدید مذمت کی ہے جس نے بچوں کی اموات کو جھوٹی خبر قرار دیا تھا۔

پاراچنار میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نور حسین نجفی علامہ خیال حسین ، علامہ سید صفدر علی شاہ ، علامہ ایران علی اور علامہ محمد حسین طاہری نے کہا کہ ایک طرف علاج نہ ملنے سے 29 بچوں سمیت 54 مریضوں کی اموات ہوئی ہے اور شہر کے تمام دکانیں اور مارکیٹس میں روزمرہ استعمال کی اشیاء خوردونوش ختم ہونے کے باعث بند ہو گئی ہیں اور لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں کی کانوائے پر فائرنگ اور جھڑپوں کے واقعات کے باعث طویل عرصے سے آمد و رفت کے راستے مین شاہراہ اور افغان سرحد بند ہے ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں دو ہفتوں سے جاری گرینڈ جرگہ اج ختمی نتیجے پر پہنچ جائے گا جس کے بعد حالات معمول پر لانے کے لیے آمد و رفت کے کھولنے سمیت مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے