کراچی اور خیرپور میں ٹریفک حادثات،7افراد جاں بحق

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی میں نادرن بائی پاس پر کار اور منی ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد چل بسے، خیرپور میں کار اور مزدا میں تصادم سے 5 باراتی جاں بحق ہوگئے۔شہر قائد میں رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق نادرن بائی پاس پاکستان ہوٹل کے قریب منی ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم ہوگیا، حادثے میں جاں بحق نوجوان بلدیہ سوات کالونی کا رہائشی تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کار مکمل تباہ ہوگئی، گاڑی کے پارٹس سڑک پر دور تک پھیل گئے، حادثہ میں زخمی شخص کی شناخت عباس کے نام سے کی گئی۔ادھر بلدیہ حب ریور روڈ پر ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو روند ڈالا، ڈمپر ڈرائیورفرار ہوگیا، گزشتہ روز سے اب تک مختلف حادثات میں بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر میں 500 سے زائد روڈ حادثات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 700 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں، مرنے والے 57 فیصد موٹرسائیکل سوار تھے۔علاوہ ازیں خیرپور میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور مزدا میں تصادم سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ فیملی شادی کی تقریب کے لیے سکھر جا رہی تھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سکھر اور خیرپور اسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق ببرلو سے سکھر جانے والے باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، مزدا میں سوار3 خواتین اور بچے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے