چاہتے ہیں نوجوان ملازمتیں ڈھونڈنے کے بجائے نوکریاں دینے والے بنیں،شہباز شریف
قاہرہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ملازمتیں ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینے والے بنیں، نوجوانوں کی معاونت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں ( ایس ایم ایز) کی ترقی کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے اہم ہے۔مصر کے شہر قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس بہترین آئیڈیاز ہوتے ہیں، اس وقت پاکستان میں ہماری توجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا پروٹیکشن اور سائبر سکیورٹی پر مرکوز ہے تاکہ ہمارے نوجوان دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں اور ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینے کی جانب جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بڑے فری لانسرز والے ممالک کا گھر سمجھا جاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ زراعت، معیشت اور دیگر شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتری لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اہم ثابت ہوسکتے ہیں، سماجی ترقی کے لیے ایس ایم ایز کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے، ہمارے ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، ہماری کوشش ہے انہیں درست ہنر اور مہارتوں سے آراستہ کرکے اور انہیں اعلیٰ تعلیم فراہم کرکے دنیا کے لیے کار آمد بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی انتہائی ضروری ہے، اس کے بغیر خطے اور دنیا میں امن نہیں آسکتا، مصر کے صدر کی جانب سے اس اجلاس میں غزہ کے معاملے پر خصوصی سیشن رکھنا قابل تعریف ہے، اسی سیشن میں ہم غزہ کے معاملے پر مزید بات کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایسا ماحول تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں ایس ایم ایز ترقی پاسکیں اور نوجوان کاروبار کے مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں۔
قبل ازیں، جمعرات کو شاہی محل آمد پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے، ڈی ایٹ ممالک کےسربراہان سے مصافحہ کیا اور ان سے خیرسگالی کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔
استنبول میں 1997 میں قائم ہونے والی ڈی ایٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن، جسے ڈیولپنگ -8 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، مصر ، نائجیریا ، ترکی ، پاکستان ، انڈونیشیا ، بنگلہ دیش ، ایران اور ملائیشیا کے مابین ترقیاتی تعاون کی تنظیم ہے۔ڈی ایٹ کے اجلاس کا موضوع نوجوانوں پرسرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو فروغ دینا ہے۔