آج حب کے عوام کی جیت کا دن،حق و سچ کی فتح ہوئی ہے،میرعلی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) آج حب کے عوام جیت گئے،دھاندلی اور چور راستوں سے سابقہ حکومتوں میں شامل ہونے والے بھوتانی برادران کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد حق و سچ کی جیت ہوئی جس کیلئے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے ہمیں ہمیں اور حب کے عوام کو کامیابی دی۔ان خیالات کا اظہار بلوچستان کی اسمبلی حلقہ پی بی 21 سے کامیاب رکن صوبائی اسمبلی، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سال تک حب کے عوام پر ظلم و جبر کرنے والے بھوتانی برادران کی دھاندلی عوام کے سامنے آ چکی ہے اور عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور چالیس سالہ سیاہ دور کا خاتمہ ہو گیا ہے اور دھونس دھمکی اور مفاد پرستی کی سیاست ہمیشہ کے لئے زمین بوس ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج حب کے عوام کے لئے نئی اور روشن صبح کا سورج طلوع ہوا ہے جس کی روشنی سے حب سمیت سارا بلوچستان روشن ہوگا۔ انشاء اللہ تعالیٰ حب کے عوام کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے لئے ہماری حتی الوسع کاوشیں جاری رکھیں گے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام ہیں اور عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔میر علی حسن زہری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی رہنماؤں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے اس حق و سچ کی اس جنگ میں میری حوصلہ افزائی کی اور ہمت بندھائے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا اور ہم نے جس طرح پہلے کسی غرض اور تفریق کے تمام عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے منصوبوں پر عمل کیا ہے آئندہ مزید تیزی اور تندہی سے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے عوام کا ایک مرتبہ پھر حب کے عوام،پیپلز پارٹی کے جیالوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکلات اور سختیوں کے باوجود ہم پر اعتماد کا اظہار کیا اور حق و سچ کا ساتھ دینے کافیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حب کے عوام نے جس طرح ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار مجھ پر کیا ہے حتی الوسع کوشش کروں گا کہ ان کی امیدوں پر پورا اتروں۔ اس مقصد کے لئے مجھے صرف آپ لوگوں کا ساتھ چاہئے۔رکن صوبائی اسمبلی میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ مخالفین نے ہمیں عوام سے دور رکھنے کی بہت سی سازشیں کیں لیکن آفرین ہے ہم سے محبت کرنے والی عوام پر جس نے بھوتانی برادران کی ہر سازش ناکام بنائی اور آج ہماری جیت نے ثابت کر دیا کہ بھوتانی برادران نے ہمیشہ دھونس دھمکی اور جھوٹ پر مبنی عوام دشمن سیاست کی جس کا نتیجہ الیکشن میں ہماری بھاری اکثریت سے کامیابی ہے۔ افسوس کہ اس مرتبہ بھی بھوتانی برادران نے اپنی دھاندلی کی روایت دہرائی لیکن ہم نے عوام کے ساتھ مل کر انہیں اس سازش میں کامیاب نہیں ہونے دیا اور اللہ کی فضل و کرم سے عوام دشمن عناصر کو شکست فاش سے ہمکنار کیا۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ اللہ اپنے بندوں کی مدد اور خدمت کے لئے ہم میں سے کسی کسی کوہی چنتا ہے اوروہ خوش قسمت انسان ہوتا ہے جسے اللہ لوگوں کے لئے وسیلہ بناتا ہے جو کہ ایک نہایت فخر کی بات ہے اور مجھے اس بات میں عاجزی اور خوشی محسوس ہوتی ہے کہ اللہ نے دکھی انسانیت اورحالات کی چکی میں پسے ہوئے غریب عوام کی مدد کے لئے ہمیں چنا۔اس احساس سے دلی سکون ملتا ہے کہ اللہ نے جس کام کے لئے منتخب کیا ہے اس کے لئے اپنی طرف سے سو فیصد کوشش کریں گے باقی اللہ جانتا ہے کہ ہم اس کام میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر عوام سے کہا کہ ہمارے دروازے اپنی عوام کے مسائل کے حل اور انہیں تیز رفتار اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں اور حب کے غیور عوام کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے