یونیورسٹی انتظامیہ تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کا ازالہ کر یں،پروفیسر کلیم اللہ بڑیچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ, نائب صدر ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی، جنرل سیکرٹری فریدخان اچکزئی، جوائنٹ سیکرٹری میڈم زہرا ملغانی، پریس سیکرٹری رحمت اللہ اچکزئی، فنانس سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ باز محمد کاکڑ اور ایگزیکٹیو ممبران ارباب رضا کاسی، میڈم فرحانہ عمر مگسی، ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ، ڈاکٹر گل محمد اور مسعود مندوخیل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تا حال یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، آفیسرز اور ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی نہیں ھوسکی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی کامیاب احتجاجی تحریک کے نتیجے میں وزیر اعلی بلوچستان نے 16 اکتوبر 2024 کو صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، ممبران صوبائی اسمبلی و چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس و خزانہ سمیت تمام وائس چانسلرز و اکیڈمک اسٹاف اور بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے مشترکہ اجلاس میں واضح اعلان اور احکامات دیئے کہ یونیورسٹیز کیاساتذہ کرام اور ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کے لئے ہر صورت میں بروقت اور مکمل فنڈز جاری کئے جائیں لیکن بدقسمتی سے یونیورسٹی آف بلوچستان کے اساتذہ کرام اور ملازمین کو نومبر کے مہینے کی تنخواہ اور پینشنز کی ادائیگی ابھی تک نہیں ھوسکی اور جون 2024 کے بجٹ میں اضافہ شدہ تنخواہ و پینشنز کی ادائیگی چھہ مہینوں کے گزرنے کے باوجود نہیں ھوسکی۔ بیان میں کہا گیا کہ پچھلے کئی سالوں سے 80 سے زائد اساتذہ کرام اور ملازمین ریٹائرڈ ھوچکے ہیں لیکن انکو انکی واجبات کی ادائیگی تاحال نہیں کی گئی اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ یونیورسٹی کالونی میں رہائش پذیر اساتذہ کرام اور ملازمین کو ایک طرف انکی واجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی دوسری طرف ان سے کرایوں کی شکل میں کئی گنا زیادہ بھی وصول کیا جارہا ہے باوجود اس کے کہ صوبائی محتسب نے اس بابت رہائش پذیر اساتذہ کرام اور ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا۔ بیان میں مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو مرکزی و صوبائی حکومت کی نوٹیفکیشن کے مطابق 20 دسمبر سے پہلے تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کی جائیں اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے انتظامی سربراہان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ صوبائی حکومت اور ایچ ای سی سے ہر مہینے کی تنخواہوں اور پنشنز کیلئے وقت پر رابطہ کیا کریں تاکہ اساتذہ کرام اور ملازمین کو بروقت تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے