بلوچستان میں 25ہزار نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے،امین لاکھانی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے صدر امین لاکھانی،ٹرسٹی افضل چمدیہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 25ہزار نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے اسی مقصد کیلئے آج کوئٹہ میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا جارہا ہے مناسب جگہ ملے تو ہم بلوچستان میں بھی میگا آئی ٹی سٹی بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے ایگزیکٹو ممبر و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے میونسپل سروسز سردار زین العابدین خلجی،آغا فیصل ودیگر نے سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے صدر امین لاکھانی اور ان کے وفد میں شامل دیگر افراد کا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کی جانب سے نوجوانوں کو فنی تربیت دینے،چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی اور لاکھوں افراد کیلئے دسترخوان لگانے جیسی خدمات اپنی مثال آپ ہیں ہم بلوچستان میں نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت کے آغاز کو بھی نیک شگون سمجھتے ہیں بلکہ اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ٹرسٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے بھی تیار ہیں۔اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے صدر امین لاکھانی ٹرسٹی افضل چمدیہ ا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان میں بھی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں اسی لئے آج کوئٹہ میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا جارہا ہے جسکے لئے رانا مشہود کوئٹہ تشریف لا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں آئی ٹی تربیت کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے فی الحال ہم بلوچستان میں 500 سو نوجوانوں کو آئی ٹی سے متعلق تربیت دیں گے انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کو سالانہ 13 ارب روپے کے عطیات مل رہے ہیں جسے بروئے کار لاتے ہوئے ناصرف ڈھائی لاکھ افراد کو کھانا کھلایا جا رہا ہے بلکہ نوجوانوں کیلئے آئی ٹی ٹریننگ ودیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہیں انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے بانی علامہ بشیر فاروقی نے 2013 میں ملک کے قرضے اتارنے کیلئے آئی ٹی کے شعبے پر توجہ دینے کے مشن کا آغاز کیا اور اب تک ہم 2لاکھ نوجوانوں کو تربیت دے چکے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مناسب جگہ ملی تو ہم میگا آئی ٹی سٹی بنائیں گے ہم دراصل انٹر پینیور ہیں آپ اچھے اور سچے ہو تو پھر دنیا ضرور ساتھ دیتی ہے۔سعید احمد سرپرہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئٹہ میں 6مقامات پر دسترخوان لگا رہے ہیں جن سے مختلف اضلاع سے کوئٹہ میں زیر تعلیم طلباء بھی مستفید ہو رہے ہیں کسی لاچار کو کھانا کھلانا اور ہنر سکھانا بہتریں کار خیر ہے۔آخر میں سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے صدر کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔