بلوچستان میں صنعتی انقلاب کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں،میرعلی حسن زہری
حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری اورمشیر برائے صنعت و تجارت بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری اور تجارت کے لحاظ سے ایک پرکشش اور زرخیز خطہ ہے۔ افسوس کہ پچھلے ادوار میں صنعت کے شعبے کو مجرمانہ طور پر نظر انداز کیا گیا اور غفلت برتی گئی جس کی وجہ سے بلوچستان اس شعبے میں دوسرے صوبوں سے پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے واحد صنعتی شہر حب کوچار دہائیوں سے مسلط مفاد پرست عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے نہ صرف صنعتی شہر حب بلکہ پورا بلوچستان ترقی کی وہ منازل طے نہ کر سکا جس کا وہ حقدار تھالیکن اب حب ہم حب پر بھرپور خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور یہاں صنعت کاروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے حب شہر صنعت کاروں کے لئے پہلی ترجیح بن گیا ہے۔ میر علی حسن زہری نے شرپسندو غنڈہ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ کیا کہ کسی کو بھی غندہ گردی، بھتہ خوری اور صنعت کاروں کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جائے گی اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بہتر اور جدید سائنسی طریقوں پر استوار کرنے سے اس شعبہ سے وابستہ افراد کوبہتر مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے میں اہم کردار ہے جبکہ روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے اور بلوچستان میں صنعت کے شعبے کوترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے روشن امکانات ہیں۔جلد صوبے کے مختلف حصوں میں مزید نئے صنعتی زونز کا قیام اولین ترجیح ہے جس سے بلوچستان میں صنعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو گا۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پربلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان سے ملحقہ ملکوں ایران اور افغانستان سے قانونی تجارت کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیاء سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کونئی صنعتی پالیسیوں کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جائے گا۔مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی مراعات دیں گے اور حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کار بلا خوف و خطر کام کر سکیں اور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔