بشریٰ بی بی نے کارکنوں کے ذریعے علی امین گنڈا پور پر پتھراؤ کروایا،عطااللہ تارڑ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے کارکنوں کے ذریعے علی امین گنڈا پور پر پتھراؤ کروایا، غیر ملکی میڈیا کو خیبرپختونخوا بلاکر گمراہ کن بریفنگ دی جارہی ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا حقائق سے دور دور تک بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے مزید کہاکہ علی امین گنڈاپور نے کل کچھ الزامات لگائے جن کے حقائق سے عوام کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں غیر ملکی میڈیا کو بلاکر جو گمراہ کن بریفنگ دی جارہی ہے اس سے عوام کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے، ان کی شرپسندی اور ملک دشمنی کو بھی کھل کر سامنے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھکیں، دھمکیاں اور الزام تراشی پی ٹی آئی اور ان کے لیڈر کا وتیرہ ہے، علی امین نے کہا اس بار ہمارا احتجاج پرامن نہیں ہوگا، سوال یہ ہے کہ آج تک آپ کا کون سے احتجاج پر امن ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ 1200 لاشوں سے شروع ہوئے، پھر کبھی 1300، کبھی 600، کبھی 700 لاشوں کا دعویٰ کیا، جھوٹ پر جھوٹ بولا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے پوری دنیا میں تصاویر پھیلائیں۔وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ ملک سے باہر بیٹھے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ملک دشمن ٹولے کے ڈیجیٹل میڈیا پر بھارتی میجر گوروو آریا سے روابط ثابت ہوچکے ہیں، ان کی ٹائم لائن اور سوشل میڈیا پوسٹوں میں میجر گوروو آریا کو ری پوسٹ اور لائک کیا جارہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میجر گوروو آریا کا ایجنڈا سب کو پتہ ہے کہ وہ پاکستانی فوج کے خلاف ہے، یہ اس کو فالو کررہے ہیں کیوں کہ یہ بھی پاکستانی فوج کے خلاف ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی سالمیت کے خلاف ہے ورنہ یہ 9 مئی کے حملے نہ کرتی۔انہوں نے کہاکہ پرامن کال تو آپ نے کبھی بھی نہیں دی، پرامن احتجاج کی کال دی ہوتی تو کلاشنکوفوں، اسٹین گنوں، دستی بموں، آنسو گیس اور غلیلوں کے ساتھ آپ اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ورکرز نے ان پر پتھراؤ کیا جس پر یہ دوڑے اور ان کے گارڈز نے جو فائرنگ کی ہے، اسکی فوٹیجز سامنے آچکی ہیں، پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ لوگوں نے انہیں گالیاں دی، بوتلیں ماریں، گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔عطااللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ اطلاعات آرہی ہیں کہ بشریٰ بی بی نے کارکنوں کے ذریعے علی امین گنڈا پور پر پتھراؤ کروایا، وہ گاڑی کے اندر سے ہدایات دے رہی تھیں کہ ہمیں ڈی چوک جاکر بیلاروس کے صدر کا دورہ خراب کرنا ہے اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنا ہے لیکن یہ (علی امین گنڈا پور) آگے نہیں جارہا ہے، اس لیے اسے اکساؤ۔
انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی نے علی امین گنڈاپور پر پتھراؤ کروایا، اس پر بوتلیں پھنکوائیں اور اسے گالیاں پڑوائیں، ویڈیوز بھی سامنے آئیں جن میں کارکن علی امین گنڈا پور کو اور وہ کارکنوں کو گالیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرکے کہاکہ آپ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ اگلی کال دے سکیں، آپ کچھ نہیں کرسکتے، آپ سیاسی و انتظامی طور پر ناکام ہیں، آپ صوبے کے معاملات کو سنبھالنے میں ناکام ہیں، جعلی بریفنگز میں جو مرضی کہیں۔