مولانا ہدایت الرحمان کا جامعہ تربت کا دورہ، یونیورسٹی کے مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر گفتگوکی گئی

تربت(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمان کی سربراہی میں ایک وفد نے جامعہ تربت کا دورہ کیا۔یونیورسٹی آمد پرجامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ڈینز،ڈائریکٹر اور مختلف تدریسی اورانتظامی شعبہ جات کے سربراہان کے ہمراہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران انہوں نے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ملاقات کی اور جامعہ تربت کے فیکلٹی اور انتظامی عملے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ڈینز، ڈائریکٹرز اور مختلف تعلیمی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے معیاری تعلیم اور جدید تحقیق کی سہولیات کی فراہمی میں جامعہ تربت کی کامیابیوں کے بارے میں وفد کو آگاہ کرنے کے علاوہ یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل کے بارے میں گفتگوکی اور رکن صوبائی اسمبلی سے گزارش کی وہ ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز اور حکام سے بات کریں۔ مزید برآں وائس چانسلر نے مستحق اور باصلاحیت طالب علموں کے لیے اسکالرشپ کا انتظام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جامعہ تربت کو درس وتدریس، غیرنصابی سرگرمیاں اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں مزید ترقی دینے کے لیے اپنے ویڑن اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مولاناہدایت الرحمان کو آگاہ کیا۔مولانا ہدایت الرحمان نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، خاص کرکے جامعہ تربت، جامعہ گوادر، اور جامعہ مکران کی ترقی وترویج کے لیے اپنی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جامعہ تربت کو علم اور تحقیق کی نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لئے مولاناہدایت الرحمان نے پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں جامعہ تربت کے فیکلٹی اور انتظامی عملے کی کاوشوں اور عزم کو سراہا۔ وائس چانسلرنے جامعہ تربت کے فیکلٹی اورانتطامی عملے کی جانب سے یونیورسٹی کا دورہ کرنے پر مولانا ہدایت الرحمان کا شکریہ ادا کیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے