غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلیے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر سیل قائم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر سیل قائم کردیے گئے ہیں۔ غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے جامع سکیورٹی فریم ورک تیار کیا گیا ہے، اس حوالے سے دستاویز کے مطابق وفاقی ، صوبائی اور ضلعی سطح پر الگ الگ غیر ملکی سکیورٹی سیل قائم کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق سکیورٹی فریم ورک کے تحت وفاقی سطح پر غیر ملکی قومی سلامتی سیل قائم کیا گیا ہے، جو وزارت داخلہ کے ماتحت کام کرے گا۔ اسی طرح صوبوں کی سطح پر صوبائی غیر ملکی سکیورٹی سیل ذمے داریاں سرانجام دیں گے۔اسلام آباد ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں میں بھی سکیورٹی سیل قائم کیے گئے ہیں۔ مقامی سطح پر حفاظتی انتظامات کے لیے ڈسٹرکٹ فارنرز سکیورٹی سیل غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس ، ایس پی یو اور ایس ایس یو سکیورٹی ذمے داریاں انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کی سکیورٹی کے لیے مسلح افواج کو بلایا جا سکے گا۔ غیر ملکیو ں کی سرپرستی کرنے والے سرکا ری ادارے سکیورٹی انتظامات کے لیے فوکل پرسن نامزد کریں گے۔علاوہ ازیں سیاحوں اورغیر ملکی صحافیوں کے سکیورٹی انتظامات محکمہ سیاحت کی ذمے داری ہوگی۔ محکمہ سیاحت ، غیر ملکی سفارتکاروں،سیا حوں، صحافیوں، طلبہ، کھلاڑیوں اور مذہبی زائرین کی سکیورٹی کی نگرانی کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے