میرا نام ضمنی انتخاب کے امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا گیا مگر ہم آج سرخرو ہوئے ہیں،ملک عادل خان بازئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پی ٹی آئی کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی نے کہا ہے کہ کسی سیاست جماعت میں شمولیت نہیں کی اگر شمولیت کرتا تو سب کے سامنے اعلان کرتا، مسلم لیگ(ن) اور الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں میرے خلاف لاجواب ہوگئے، اختلاف ضرور رکھیں مگر اسے اس قدر نہ بڑھائیں کہ کل ایک دوسرے سے آنکھیں بھی نہ ملا سکیں۔یہ بات انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی نے کہا کہ ہار جیت جمہوریت کاحصہ ہے مشکل وقت اور حالات آتے ہیں ہمیں استقامت سے کام لینا چاہیے میرا نام ضمنی انتخاب کے امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا گیا مگر ہم آج سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں پاکستان کی خاطر سب کچھ قربان ہے پاکستا ن ہوگا تو ہم ہونگے ہم سب پاکستان کے لئے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے شواہد دیکھ کر ہمارے حق میں فیصلہ دیا الیکشن کمیشن اور مسلم لیگ(ن) لاجواب ہوگئے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ عادل بازئی خود کہہ رہا ہے کہ میں اگر میں کسی جماعت میں شمولیت کرونگا تو سب کے سامنے کرونگا میں کیوں غلط بیانی کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات میں 30ہزار ووٹ لیے تھے جنہیں 22500کیا گیا جبکہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار نے صرف 2500ووٹ لئے۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام اور پاکستانیوں، تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ پاکستان کا کوئی وفادار نہیں ہے وہ واحد شخص ہیں جو پاکستان کے لئے سوچتے اور جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلافات کو اس قدر نہ بڑھایا جائے کہ کل کو ایک دوسرے سے آنکھیں بھی نہ ملا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے