چین نے بہت تیزی سے ترقی کی، تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں،مریم نواز
شنگھائی(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین نے نہ صرف معاشی میدان میں حیرت انگیز ترقی کی بلکہ دیگر شعبوں میں بھی اس کی ترقی ایک معجزہ ہے، ہم دیرینہ دوست ملک کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔چین کے شہر شنگھائی میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، چین کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کریں گے، چین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں چین کے اشتراک سے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، اس دورے سے قبل آخری دفعہ 32 سال پہلے چین آئی تھی، اس دفعہ آئی تو مختلف ملک دیکھا، دوست ملک کی ترقی موجودہ تاریخ کا معجزہ ہے، یہ مکمل بدل چکا، یہ ترقی پاکستان جیسے ممالک اور مجھ جیسے نئے لوگوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین صرف معاشی معجزہ نہیں ہے بلکہ یہ دیگر شعبوں، انفرا اسٹرکچر، تربیت یافتہ افرادی قوت، صنعتی، تخلیقی شعبے کے علاوہ آلودگی کو قابو کرنے، دھویں کو کم اور ختم کرنے میں بھی اس کے اقدامات حیرت انگیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کے اقدمات نہ صرف ہمارے لیےحوسلہ افزا ہیں بلکہ چین کے وزیر ماحولیات کی تعریف بھی کروں گی کہ وہ کس طرح سے زبردست کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پاکستان کو ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی چیلنجز سےنمٹنےکےلیے چین سے مل کر کام کر رہے ہیں۔