بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے،اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،بلال خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے،اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اس صوبے اور سرزمین کیساتھ مخلص ہیں اور یہاں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں، ہم سب نے مل کر پاکستان کو خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرنا ہے، بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کا خاتمہ کر کے نوجوانوں کو روزگار اور محفوظ مستقبل دینا ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کر رہی ہے کہ وہ بلوچستان آئیں اور اپنے کاروبار کو وسعت دیں ہم آپ کو تمام سہولیات دیں گے۔ہم بزنس مینوں کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ بلوچستان کی انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری کریں فیکٹریاں لگائیں،انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کی مقامی تجارت اور مصنوعات کو بھی مارکیٹوں میں متعارف کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے، ہم سب نے مل کر بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ جنوری میں اسلام آباد میں دو روزہ بزنس سمٹ ہوگی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شریک ہونگے اور تجارتی مسائل کا حل تلاش کر کے اہم فیصلے کئے جائیں گے جو بلوچستان کی ترقی کی راہیں متعین کرینگے۔